سنگا پور سٹی: (ویب ڈیسک) کورونا وائرس کے دوران سنگا پور حکومت نے اعلان کیا ہے کہ اس وباء میں پیدا ہونے والے بچوں کے والدین کو بونس دیا جاے گا ۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ سنگاپور کی حکومت نے کورونا کے دوران بچے پیدا کرنے والے والدین کے لیے بونس کا اعلان کردیا۔ کم آبادی اور زیادہ آمدنی والے ممالک میں شمار ہونے والے ایک ہی شہر پر مشتمل ملک میں پہلے ہی بچوں کی پیدائش پر کم از کم 10 ہزار سنگاپور ڈالر کا اکسٹرا بونس دیا جاتا ہے۔
سنگاپور کا شمار ایشیا کے ان ممالک میں ہوتا ہے جہاں شرح پیدائش انتہائی کم ہے۔ سنگاپور کی شرح پیدائش جاپان، چین اور جنوبی کوریا کی طرح انتہائی کم ہے اور یہاں پر 2018 میں شرح پیدائش انتہائی کم تھی۔
سنگاپور کے قریبی دیگر ممالک فلپائن اور ملائیشیا میں حیران کن طور پر شرح پیدائش بیحد زیادہ ہے اور کورونا کی وبا کے دوران وہاں بچوں کی پیدائش میں مزید اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
البتہ سنگاپور میں کورونا کی وبا کے باعث نئے شادی شدہ جوڑوں سمیت کئی جوڑے مالی مسائل کی وجہ سے بچے پیدا کرنے سے گریز کر تے ہیں، جس وجہ سے حکومت نے بچوں کی پیدائش پر بونس اور انعام و کرام کا اعلان کردیا۔
بی بی سی کے مطابق سنگاپور کے نائب وزیر اعظم کے دفتر سے جاری بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ جو والدین کورونا کے دنوں میں بچے پیدا کریں گے، انہیں مقررہ بونس سے اضافی بونس بھی دیا جائے گا۔
نائب وزیر اعظم کے دفتر سے جاری بیان میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ وبا کے دنوں میں بچے پیدا کرنے والے جوڑوں کو فی بچہ کتنا اضافی بونس دیا جانے کا امکان ہے۔
البتہ خیال کیا جا رہا ہے کہ وبا کے دنوں میں بچے پیدا کرنے والے جوڑوں کو پہلے سے ملنے والے 10 ہزار سنگاپور ڈالر کا آدھ بونس زیادہ دیا جائے گا۔
اس حوالے سے سنگاپور کے اخبار سٹریٹس ٹائمز نے رپورٹ میں بتایا کہ پارلیمنٹ کی منظوری کے بعد ہی نائب وزیر اعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ بچوں کی پیدائش پر اضافی بونس دیا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق حکومت جہاں وبا کے دنوں میں بچے پیدا کرنے والے جوڑوں کو اضافی بونس دے گی، وہاں حکومت نے متوسط آمدنی والے حضرات کے لیے بھی مختلف بونس اور مراعات کا اعلان کر رکھا ہے۔
سنگاپور کی حکومت کم آمدنی والے افراد کو کورونا کے پیش نزر سبزی اور راشن الائونس کی مد میں جہاں نقد رقم فراہم کر رہی ہے، وہیں ٹرانسپورٹ سمیت دیگر بنیادی سہولیات کی مد میں بھی لوگوں کو خطیر رقم فراہم کی جا رہی ہے۔
علاوہ ازیں سنگاپور کی حکومت کورونا کی وبا سے ملازمت سے محروم افراد کو بھی ماہانہ تین ہزار ڈالر کا الائونس دے رہی ہے۔